جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کو دل کی تکلیف، اسپتال منتقل

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کو ناسازیٔ طبع کی بنا پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ انہیں عارضہ قلب کی شکایت درپیش ہے۔

تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل کو دل میں تکلیف کے سبب طبی امدارد کے لیے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز ان کی نگہداشت میں مصروف ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق جمیل کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم ممکنہ طور پر ڈاکٹرز ان کی انجیوگرافی کریں گے او ر اس کے بعد آگے مزید طبی علاج کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ خیال رہے کہ انجیو گرافی کے ذریعے دل اور اس کی مرکزی شریانوں میں خرابی کی نوعیت کی جانچ کی جاتی ہے۔

- Advertisement -

بتایا جارہا ہے کہ مولانا طارق جمیل تبلیغ سے متعلق اپنی مصروفیات کے سلسلے میں گزشتہ کچھ دنوں سے کینیڈا میں تھے اور گزشتہ رات ہی وطن واپس پہنچے تھے۔

طارق جمیل اپنے اندازِ بیان کے باعث مشہور ہیں۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کے ساتھ 6 براعظموں کا سفر کیا ہے۔ انٹرنیٹ کے اس دور میں آن لائن ان کے بیانات سننے والوں اور ان سے عقیدت رکھنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

طارق جمیل کا تعلق ایک زمیندار گھرانے سے ہے اور ان کی پیدائش ضلع خانیوال کے مياں چنوں علاقے میں ہوئی۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے لیے داخلہ لیا تھا۔

دورانِ تعلیم وہ تبلیغی جماعت سے متعارف ہوئے اور پھر اُس سے متاثر ہوکر مذہبی تعلیم کے حصول کے لیے جامعہ عربیہ رائے ونڈ میں داخلہ لیا تھا اور وہیں سے اپنی دینی خدمات کا سلسلہ شروع کیا اور اسے جاری وساری رکھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں