کراچی : مولانا عادل خان کے اہل خانہ نے قتل کا مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا، حکام نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ فاروقیہ کے مہتمم ڈاکٹر مولانا عادل خان کے قتل کے خلاف ان کے اہل خانہ نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کے انکار کے بعد واقعے کا مقدمہ ایک ایچ او شاہ فیصل کی مدعیت میں درج کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کے انکار کے مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا جائے گا، مقدمہ کی تفتیش کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے سپرد کی جائے گی تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ 10 اکتوبر بروز ہفتہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں واقع شمع شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان اور ڈرائیور مقصود احمد زخمی ہوئے تھے۔
کراچی میں فائرنگ، جامعہ فاروقیہ کے مہتمم ڈرائیور سمیت جاں بحق
مولانا عادل کو نجی اسپتال جب کہ ڈرائیور کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکٹر سیمی جمالی نے ڈرائیور جب کہ نجی اسپتال کے ترجمان نے مولانا عادل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔