ڈی آئی خان : جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہم سے زیادہ وفادار اور خیر خواہ کوئی نہیں ہوسکتا، حکومت گرانے کیلئے آخری وار کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا بیانیہ فرسودہ ہوچکا ہے، ریاست کو نیا بیانیہ اختیار کرنا ہوگا، ہماری ریاست کوبھی اپنی سمت درست کرنا ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر بنائے کھیل میں اسٹیبلشمنٹ اس کا حصہ رہی، جعلی اور نااہل حکومت کسی صورت قبول نہیں کریں گے، بےحیائی اور بےراہ روی کی تبدیلی کو تسلیم نہیں کرتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے جوش اور ولولے سےمیدان میں اترنا ہوگا، ہمارے ملین مارچ عوامی سمندر تھے، اب صرف آگے نہیں بڑھنا حکومت پر آخری وار کرنا ہے۔
جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ نے کہا کہ ہم سے زیادہ ملک کا وفادار کوئی نہیں ہوسکتا، ملک کے خیرخواہ ہیں، جعلسازی اور دھاندلی سے بنائی گئی حکومت کو گھربھیج دینا چاہیے۔