اسلام آباد : سابق صدرآصف علی زرادری نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو عدم اعتماد کے معاملے پر ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدرآصف علی زرادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
مولانافضل الرحمان نے سابق صدرآصف علی زرادری کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ، ٹیلیفونک گفتگوکےدوران دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
آصف علی زرداری نے کہا عدم اعتماد کے معاملے پر پوری اپوزیشن کےساتھ ہے جبکہ مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے۔
یاد رہے گذشتہ روز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ایک پوائنٹ پر رہتا ہوں اور آخر تک لڑتا ہوں، دو محاذوں پر جنگ لڑنا سیاسی طور پر درست نہیں ہے، مشترکات کے لیے بڑا دل رکھنا ہوتا ہے، حالات کا انتظار بھی کرنا پڑتا ہے، سیاسی لوگ ہیں اتفاق رائے اور سوچ سمجھ کر آگے بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تیاری کرنے دیں اورگراؤنڈ بنانے دیں، 23 مارچ کا لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی کولانگ مارچ کی تیاری کی ہدایت کی جاچکی ہے۔