اسلام آباد : جمعیت علمائےاسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنان کو تیار رہنے کی ہدایت کردی اور تمام تنظیموں کو الرٹ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائےاسلام ف کے کارکنان کو مولانا فضل الرحمان نے تیار رہنے کی کال دے دی ، ترجمان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی تمام تحصلوں کے کارکنان کال کا انتظار کریں۔
اس حوالے سے جے یوآئی ف راولپنڈی اسلام آباد کی تمام تنظیموں کوالرٹ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی زبان ٹھیک کر لو، سن لو ہم تمھیں جام کرنا جانتے ہیں۔
پی ڈی ایم کے صدر نے وزیر اعظم کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا ‘ایک ہوتا ہے پاگل اور ایک اس سے اونچا مرتبہ ہے یعنی باؤلا، اس کی وہی کیفیت ہے، یہ پیدائشی مغرور ہے، پتا نہیں کس ماحول میں پلا بڑھا، اور قوم کے گلے پڑ گیا۔’
مولانا نے وزیر اعظم کو مخاطب کر کے کہا ہم نے شرافت کا راستہ اپنایا مگر تمہاری فطرت میں یہ چیز نہیں، آپ کی زبان بتا رہی ہے کہ وزیر اعظم بننے کے اہل نہیں ہیں، لگام لگایا جائے، اس کے گلے میں پٹا ڈالا جائے، کیوں کہ پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔