کراچی: مولانا سمیع الحق کے قتل کے بعد آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے سندھ پولیس کو ریڈ الرٹ کرتے ہوئے مساجد، مدارس، امام بارگاہوں، مزارات پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مولانا سمیع الحق کے قتل کے بعد آئی جی سندھ نے مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات کے حفاظتی اقدامات غیر معمولی بنانے کی ہدایت کردی۔
آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا ہے کہ ایس ایس پیز اپنے اپنے ضلعوں کا خود دورہ کریں، امن و امان، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، علماء و معززین کو اعتماد میں لے کر ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کیا ہے، سندھ میں مذہبی و سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر سندھ نے آئی جی سندھ کو حالات کی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر پر نظر رکھی جائے کسی املاک کو نقصان نہ پہنچے، تمام مکتب فکر کے علمائے کرام کی سیکیورٹی کو سخت کیا جائے۔
واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام س کے امیر مولانا سمیع الحق کو راولپنڈی میں ان کے گھر میں گھس کر نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔
اہل خانہ نے مولانا کا پوسٹ مارٹم سے انکار کردیا جبکہ اُن کے جسد خاکی کو مدرسے اکوڑہ خٹک منتقل کی جارہی ہے جہاں مقتول کی نماز جنازہ کل دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی جبکہ تدفین آبائی علاقے نوشہرہ میں کی جائے گی۔