دبئی: معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کو دبئی انٹرنیشل ایئرپورٹ پرکینیڈا جانے والی پرواز سے اتار لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز ای کے 241 کے ذریعے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کی قائم کردہ فاؤنڈیشن کے فنڈ ریزنگ ڈنر میں شرکت کے لیے ٹورنٹو جارہے تھے۔
ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ مولانا طارق جمیل کو سیکیورٹی کلیئرینس ایشوز کے سبب پرواز سے آف لوڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ایک شہرہ آفاق فلاحی تنظیم ہے جس نے گزشتہ سال استبول میں ’گڈ گورننس ایوارڈ‘ حاصل کیا تھا۔ ان کی تنظیم اس وقت تھر میں ایک اسپتال کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔
اسی سلسلے میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مئی کی 12 اور 13 تاریخ کو ایک ’ہوپ ناٹ آؤٹ‘ نامی ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شاہد آفریدی کے ہمراہ مولانا طارق جمیل نے خطاب کرنا تھا۔
شاہد آفریدی اوراینگرو کے درمیان تھرمیں اسپتال بنانے کا معاہدہ
خیال رہے کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور اینگرو کے درمیان تھر میں اسپتال بنانے کا معاہدہ ہوا ہے۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اینگرو کے تعاون سے تھر میں زچہ و بچہ کے لیے 100 بستروں کا اسپتال بنائے گی۔
اس موقع پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کشکول لے کر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے۔ ان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری آواز اٹھانے پر جواب دیا۔
آفریدی نے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ وہ گراؤنڈ جو شادی بیاہ کی تقریبات میں استعمال ہوتے ہیں وہ انہیں دے دیے جائیں۔ ان کے مطابق ان کی اکیڈمی میں صرف کرکٹ نہیں بلکہ تعلیم بھی دی جائے گی۔