اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فون کر کے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے حکومت کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے اگلے ہفتے ملاقات پر بھی اتفاق کر لیا ہے۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو بے نقاب کرنا اپوزیشن کی اخلاقی فتح ہے، حکومت کا غیر جمہوری رویہ دراصل اپوزیشن کی جیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی، جام کمال
خیال رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکام ہو گئی تھی، جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
آج وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی تھی بلکہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن نے ووٹ نہ دے کر اپنی پارٹیوں سے ناراضگی کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ خفیہ رائے شماری میں ہر شخص دباؤ کے بغیر اپنا فیصلہ کرتا ہے، اس لیے اپوزیشن ارکان نے بھی بغیر دباؤ ووٹ دیا۔