اسلام آباد: پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔
ذرایع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے نوازشریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور انہیں وطن واپسی کا بھی مشورہ دے دیا۔ گفتگو کے دوران مولانا نے یہ بھی کہا کہ جے یو آئی امیدوار کو ووٹ نہ دینے سے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچا۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ استعفوں کا آپشن اہمیت کا حامل ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ مل کر آگے بڑھنے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
پی پی کے استعفوں پر تحفظات، پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان
اس حوالے سے ذرایع نے بتایا کہ لیگی قیادت کے بیرون ملک ہونے سے فیصلوں پر عمل درآمد میں مشکلات ہیں، سینیٹ کے انتخابات کا تلخ تجربہ ہمارے سامنے ہے، دونوں رہنماؤں میں پیپلزپارٹی کے مؤقف کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی، نوازشریف نے مولانافضل الرحمان کو یقین دہانی کرانے کی کوشش کی۔