پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے نفرت پھیلانے پر بالی ووڈ اداکار ہرش وردھن کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔
ماورا حسین ایک مشہور پاکستانی اداکارہ ہیں جن کے انسٹاگرام پر 9 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں، انہوں نے پاکستان کے کئی مشہور ڈراموں میں زبردست اداکارہ کے جوہر دکھائے ہیں، اس کے علاوہ ان کی بالی ووڈ فلم صنم تیری قسام کی دوبارہ ریلیز نے بھی بھارت میں اچھا بزنس کیا۔
تاہم پاکستان اور بھارت تنازعہ کے بعد ان کے ساتھی اداکار ہرش وردھن رانے اپنے اصل رنگ میں آگئے ہیں، انہوں نے ماورا حسین کی حب الوطنی پر مبنی پوسٹس پر زہر اگل دیا اور اعلان کیا کہ وہ ماورا کے ساتھ کام نہیں کریں گی۔
تاہم اب پاکستان کی اداکارہ ماورا حسین نے انہیں آئینہ دکھا دیا ہے، ماورا نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ایسے سنگین حالات میں بھی کوئی شخص اپنی خبروں میں جگہ بنانے کے لیے میرے نام کا استعمال کر رہا ہے، جب بچے شہید ہو رہے ہوں اور ہمارے ملک میں دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی ہو، تب کوئی کیسے ایسی خود غرضی دکھا سکتا ہے؟
اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے ساتھی فنکاروں کے لیے عزت رکھی، محبت اور شکر گزاری کا مظاہرہ کیا لیکن افسوس، آپ نے ناصرف جنگ جیسے حساس لمحے کو نظر انداز کیا بلکہ ذاتی فائدے کے لیے قوموں کے زخموں پر نمک چھڑکا۔
ماورا نے آخر میں اپنے پیغام میں کہا کہ میری وفاداری اپنی سرزمین کے ساتھ ہے، فلمیں بعد میں آتی ہیں، پہلے وطن اور انسانیت ہے، اللّٰہ ہمارے فوجی جوانوں اور عام شہریوں کی حفاظت فرمائے۔ پاکستان زندہ باد!