اپنی تیز رفتار بولنگ سے دنیائے کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھانے والے پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے 32 سال قبل آج ہی کے دن ایسا کارنامہ انجام دیا جو ان کیلیے یادگار بن گیا۔
سوئنگ کے سلطان سے مشہور وسیم اکرم نے 4 مئی 1990 کو ون ڈے میچوں میں دوسری ہیٹ ٹرک کرکے اس وقت ایک روزہ میچوں میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بولر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
دن تھا 4 مئی 1990، میدان تھا شارجہ اور مدمقابل ٹیم تھی آسٹریلیا، میچ کھیلا جارہا تھا آسٹریلیشیا کپ کا فائنل اور ایلن بارڈر کی قیادت میں اس وقت آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم یہ فائنل میچ جیتنے کیلیے فیورٹ قرار دی گئی تھی۔
اس میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ سلیم ملک 87، سعید انور 40 اور وسیم اکرم 49 رنز اسکور کرکے نمایاں رہے۔
پاکستانی اننگ کے جواب میں آسٹریلیا نے مارک ٹیلر کے 52 اور اسٹیو وا کے 64 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 46 اوورز میں 7 وکٹوں پر 227 رنز بنالیے تھے اور آخری 4 اوورز میں 39 رنز درکار تھے کہ وسیم اکرم اننگ کا 47 واں اور اپنے کوٹے کا نواں اوور کرانے آئے اور پھر ایسا ہوا کہ لگاتار تین گیندوں پر آسٹریلیا کے تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج کر آسٹریلیا کا فائنل جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔
وسیم اکرم نے اس اوور میں پہلے مرو ہیوگز کی وکٹیں اڑائیں پھر کارل ریک مین اور ٹیری ایلڈر مین کو آؤٹ کیا، وسیم اکرم کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ ا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
پی سی بی نے اس موقع پر سابق فاسٹ بولر کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور وسیم اکرم کی ایک یادگار تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے جس میں وسیم اکرم ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد خوشی سے اپنا ہاتھ فضا میں بلند کررہے ہیں۔
#OnThisDay in 1990, @wasimakramlive picked up his second ODI hat-trick as Pakistan defeated Australia by 36 runs in the final of the Austral-Asia Cup at the Sharjah Cricket Stadium.
Scorecard: https://t.co/DxTMc7WNxr pic.twitter.com/xS3FfdiGbM
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 4, 2022
وسیم اکرم نے ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا دوسری بار کارنامہ اپنی پہلی ہیٹ ٹرک کے صرف 6 ماہ بعد ہی انجام دیا۔ وسیم اکرم نے پہلی ہیٹ ٹرک 14 اکتوبر 1989 کو شارجہ میں ہی کی تھی جب ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں جیف ڈوج، میلکم مارشل، اور کرٹلی امبروز کو سوئنگ ڈیلیوریز پر آؤٹ کیا تھا اور اس وقت وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے چوتھے بولر بنے تھے جب کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل ہے۔
یاد رہے کہ دنیائے کرکٹ میں پہلی ون ڈے ہیٹ ٹرک کا اعزاز بھی پاکستانی فاسٹ بولر جلال الدین کو حاصل ہے۔ جلال الدین نے 20 ستمبر 1982 کو پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا تھا۔