پیر, اپریل 21, 2025
اشتہار

’پہلی سی محبت‘ مایا علی نے کردار سے متعلق بتا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل پر نیا ڈرامہ سیریل ‘پہلی سی محبت‘ جلد نشر کیا جائے گا، ڈرامے میں مایا علی(رخشی) اور شہریار منور (اسلم) نامی نوجوان کا کردار نبھا رہے ہیں۔

ڈرامہ سیریل پہلی سی محبت کی ہدایت کاری کے فرائض انجم شہزاد نے انجام دئیے ہیں جبکہ اس کی رائٹر فائزہ افتخار ہیں، ڈرامے کی کاسٹ میں شہریار منور، مایا علی، شبیر جان، حسن شہریار یاسین، نوشین شاہ ودیگر شامل ہیں۔

اداکارہ مایا علی نے ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہ نہیں کہوں گی کہ بہت مختلف کردار ہے لیکن میں نے سوچا تھا کہ کچھ مختلف کردار نبھاؤں گی ، ڈرامے میں کردار کچھ اسی طرح کا ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ڈرامے کے ذریعے معاشرے کے لیے کچھ پیغام دوں اس ڈرامے میں یہی پیغام دیا گیا ہے۔‘

مایا علی نے کہا کہ ’ڈرامے میں ان کا نام رخشی ہے، رخشی بہت عزت کرنے والی اور پیار دینے والی لڑکی ہے لیکن اپنے والد کو لے کر بہت ہی مضبوط ہے اور رخشی محبت کرتی ہے لیکن اسے اپنے گھر کی عزت کا بھی خیال ہے۔‘

اداکارہ نے بتایا کہ ’ہمار ی یہ سوچ غلط ہے کہ محبت ہوتی ہے تو بدتمیز ہوجاتے ہیں اور حد سے گزر جاتے ہیں لیکن اس کردار کی خوبصورتی یہ ہے کہ محبت بھی بہت ڈھکے چھپے انداز میں کرتی ہے ، ابا کی عزت کا بھی خیال ہے اور جس سے محبت کرتی ہے اس کا بھی خیال ہے۔‘

مایا علی نے بتایا کہ ’رخشی کو ہر چیز کو پتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ہر گھر میں موجود لڑکی بھی یہ جانتی ہوگی۔‘

یاد رہے کہ اداکار شہریار منور کی ٹی وی اسکرین پر 7 سال بعد واپسی ہورہی جبکہ مایا علی بھی 4 سال کے بعد چھوٹے پردے پر نظر آئیں گی، اس سے قبل دونوں فنکار فلم پرے ہٹ لو میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، مداح دونوں فنکاروں کی جوڑی کو دوبارہ سے ایک ساتھ دیکھنے کے لیےبے تاب ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں