برمنگھم: بھارتی ٹیم کو کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک اور دھچکا لگا ہے، شیکھر دھون کے بعد بھارتی کھلاڑی وجے شنکر انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 میں بھارتی ٹیم شیکھر دھون کے بعد وجے شنکر کی خدمات سے بھی محروم ہوگئی، وجے شنکر پریکٹس کے دوران پاؤں میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق وجے شنکر کے زخم ٹھیک ہونے میں کم از کم تین ہفتے درکار ہوں گے۔
آل راؤنڈر وجے شنکر کی جگہ بھارتی ٹیم میں مانک اگروال کو شامل کرلیا گیا ہے، دھون کے بعد وجے شنکر انجرڈ ہوکر میگا ایونٹ سے باہر ہونے والے دوسرے بھارتی کھلاڑی ہیں۔
NEWS: Vijay Shankar ruled out of World Cup due to injury.
Mayank Agarwal has been named as Vijay Shankar's replacement following a request from the Indian team management for a suitable top-order batsman. More details here – https://t.co/EWqrVmJuh6 pic.twitter.com/atqCkx9ClT
— BCCI (@BCCI) July 1, 2019
وجے شنکر نے پاکستان کے خلاف میچ میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
اٹھائیس سالہ مانک اگروال ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں اور وہ بھارت کی جانب سے دو ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کا ون ڈے میچز میں ڈیبیو ہونے جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں وجے شنکر کی جگہ رشبھ پنٹ کو شامل کیا تھا۔
انگلینڈ نے اس اہم میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کے لیے راہ ہموار کرلی ہے، بھارت کی یہ میگا ایونٹ میں پہلی شکست تھی۔
انگلیںڈ سے شکست پر بھارتی میڈیا اور مداحوں کی جانب سے بھارتی ٹیم پر شدید تنقید کی جارہی ہے، مداحوں کی جانب سے بھارت کی شکست پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔