کراچی : مئیر کراچی مرتضی وہاب نے الیکٹرک بلوں کے ذریعےمیونسپل ٹیکس پر حکم امتناعی ختم کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک بلز سے ستائے شہریوں کے لیے ایک اہم خبر آگئی ، مئیر کراچی مرتضی وہاب نے میونسپل چارجز حکم امتناعی ختم کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں کے ایم سی کی فوری سماعت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جسٹس جنید غفارنے کہا کہ بتائیں، ہنگامی نوعیت کیا ہے؟ کے ایم سی وکیل نے کہا کہ ہمارے خلاف حکم امتناعی کئی ماہ سے چل رہا ہے، چاہتے ہیں عدالت حکم امتناعی ختم کرے۔
عدالت نے کے ایم سی کی فوری سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت چار ہفتوں بعد مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک بلوں کے ذریعے میونسپل ٹیکس پر حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے ،عدالت نے کے الیکٹرک کو بلوں کے ذریعے شہریوں سے میونسپل چارجز وصول کرنے سے روک دیا تھا۔
بجلی بلز کے ذریعے میونسپل ٹیکس شامل کرنے کے خلاف حافظ نعیم نے درخواست دائر کی تھی جبکہ ٹیکس وصولی کے خلاف طارق منصور ایڈووکیٹ نے بھی درخواست دائر کر رکھی ہے۔