کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سحری اور افطاری کرانے سے نہیں کام کرنے سے مسائل حل ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عائشہ منزل پر چورنگی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کامران بھائی، وعدے کو پورا کریں 100 ارب روپے منتقل کرائیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آپ وفاقی حکومت سے 100 ارب دلوائیں میں حساب دوں گا، یا تو اعلان نہ کرو، اگرکرتے ہو تو پورا کرو، بات کرنا آسان ہوتا ہے کام کرنا مشکل ہے۔
وفاق سے 100 ارب کراچی کو کیسے ملیں گے؟ گورنر سندھ نے فارمولا بتا دیا
میئر کراچی نے مزید کہا کہ گورنر صاحب، میں نے آپ کے کہنے پر خط لکھا تھا، کامران بھائی میری ڈیمانڈ کیے ہوئے 8 روز ہوگئے، گورنر سندھ میرا دوست اور اس شہر کا محسن ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ نئے پارکس بنانے جا رہی ہے، کراچی میں 50 پارکس کے وژن کو پورا کریں گے۔
کراچی کے میئر کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کرنے والوں کو کام کے ذریعے جواب دیں گے، اللہ پاک حاسدین کے شر سے سب کو بچائے۔