کراچی: میئر کراچی وسیم اختر عید کے دن امریکا میں جاں بحق طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچ گئے، والدین نے درخواست کی سبیکا کے نام سے کوئی سڑک، اسکول یا لائبریری منسوب کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی عید کے موقع پر سبیکا شیخ کے والدین کی دل جوئی کرنے ان کے گھر گئے، والدین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہم دردی کیا۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، سبیکا کے والدین نے ان سے کسی سڑک یا لائبریری کو ان کی مقتول بیٹی کے نام منسوب کرنے کی درخواست کی۔
وسیم اختر نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں قیام امن کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہے، حالات میں پہلے سے بہتری آئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
دریں اثنا میئر کراچی وسیم اختر مقتول انتظار کے گھر بھی گئے، انھوں نے مقتول انتظار کے والدین سے بھی اظہار ہم دردی کیا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
وسیم اختر نے کہا کہ امید ہے انتظار کے قاتل جلد کیفرِ کردار تک پہنچ جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ہماری مکمل سپورٹ ورثا کے ساتھ ہے۔
انتظارقتل کیس: مقتول کے والد کا ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو خط، خدشات کا اظہار
انھوں نے اس موقع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے سیاسی نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے باعث شہریوں کو انصاف میں تاخیر کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کےعلاقے ڈیفنس میں اینٹی کار لفٹنگ فورس (اے سی ایل سی) کے چار اہل کاروں کی فائرنگ سے ملائشیا سے آنے والا نوجوان انتظار جاں بحق ہو گیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔