کراچی : جیل سے حلف اُٹھانے کے لیے لائے گئے میئرکراچی وسیم اختر کوحلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر حاضری دینے کے بجائے سیدھے جیل روانہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے منتخب اسیر میئرکو آج تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے سینٹرل جیل سے پولو گراؤنڈ لایا گیا جہاں ریٹرنگ آفیسر سمیع صدیقی نے وسیم اخترسے حلف لیا۔
روایت کے مطابق حلف اُٹھانے کے بعد نو منتخب میئر اور ڈپٹی میئر فوری طور پر مزار قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی اور سلامی پیش کرنے کے لیے حاضر ہوتے ہیں تا ہم پہلی مرتبہ میئر کراچی مزار قائد پر حاضری نہ دے سکے۔
اسی سے متعلق : کراچی کے مئیر وسیم اختر اور ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ نے حلف اٹھالیا
پولیس حکام نے حلف اُٹھا نے کے بعد نو منتخب میئر کراچی وسیم کراچی کو سیدھے جیل روانہ کردیا جب کہ سندھ میں اپوزیشن لیڈڑ اور ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان خواجہ اظہارالحسن نے پولیس کے اعلیٰ حکام اوعر سندھ حکومت کے نمائندوں سے رابطہ کرنے کی بھی کوشش کی تا ہم وہ میئر کراچی کو مزار قائد ہر حاضری دلوانے میں ناکام رہے۔
واضح رہے نو منتخب میئر کراچی وسیم اختراس وقت سینٹرل جیل میں اسیر ہیں اُن پرڈاکٹرعاصم کے اسپتال میں دہشت گردوں کے علاج کروانے کے لیے معاونت کا الزام ہے جب کہ وہ 12 مئی 2007 میں کراچی ہونے والے قتل عام کے کیس میں بھی نامزد ہیں۔