کراچی: شہر قائد کے میئر وسیم اختر کی جانب سے ہل پارک کی زمین پر قبضے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسر کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے شہر کے ہل پارک کی زمین پر قبضے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کے ایم سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس محمد ندیم کو معطل کر دیا۔
میئر کراچی وسیم اختر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پارک کی پہاڑیاں کاٹ کر قبضے کی کوششیں جاری تھیں جس کے خلاف نوٹس لیا اور متعلقہ افسر کو معطل کیا۔
نیب کا وزیرِ دفاع، اسپیکر سندھ اسمبلی اور میئر کراچی کے خلاف انکوائری کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کے ایم سی کی املاک پر جہاں بھی تجاوزات قائم ہوں گی، متعلقہ افسران کو معطل کر دیا جائے گا۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ معطل ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم ہل پارک میں تجاوزات قائم کرانے کا ذمہ دار ثابت ہوئے۔
وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ پی ای سی ایچ ایس آفس ہل پارک کی حدود میں لیز جاری کرنے سے باز رہے، شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
خیال رہے کہ ہل پارک پر قبضے اور اس پر غیر قانونی تعمیرات میں کے ڈی اے افسران اور اس کے ملازمین کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پارکس نے میٹروپولٹن کمشنر کو خط لکھ دیا۔