کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سڑکوں کا حال برا ہے، سیوریج سسٹم تباہ ہوچکا ہے، ایسا لگتا ہے بھکاری کی طرح کراچی کا شیئر مانگ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے سندھ میں دیکھ لیں پیسہ کہاں لگ رہا ہے، کراچی سے زیادتی پر وزیراعظم اور صدر سے بول چکا ہوں۔
وسیم اختر نے کہا کہ کے ایم سی کے پاس تجربہ ہے، سہولتیں نہیں ملیں ورنہ کام جانتے ہیں، سپریم کورٹ نے طاقت دی کہ تجاوزات ہٹائیں، ہم نے ہٹا کر دکھا دئیے۔
مزید پڑھیں: اب غداری کے سرٹیفکیٹ بٹنا ختم ہوجانے چاہئیں، وسیم اختر
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی مسائل میں گھرا ہے، وزیراعظم سے درخواست ہے شہر کو بہتر کریں، اگر وزیراعظم کراچی میں تین مہینے رہ جائیں تو مسائل حل ہوجائیں۔
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو اون نہیں کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی کا کہنا تھا کہ نیب کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کے ایم سی کے تمام محکموں کا احتساب کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 66 کی سارا ملک مخالفت کررہا ہے، مشرف کے خلاف فیصلے کی سیاسی جماعتیں، طلبا، عوام سب مذمت کررہے ہیں۔