کراچی : وزیراعلٰی کے معاون خصوصی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی سنبھالنا وسیم اختر کے بس کی بات نہیں، وہ فوری طور پر استعفٰی دیں، معاملہ اختیارات نہیں، نیت کا ہے، کب تک یہ ڈرامے بازی کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے میئر کراچی وسیم اختر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی نے کراچی کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد کو سنبھالنا وسیم اختر کے بس کی بات نہیں معاملہ اختیارات کا نہیں صرف نیتوں کا ہے۔
میئر کراچی صرف ڈرامہ بازیاں کرتے ہیں اور کب تک یہ ایسا کرتے رہیں گے؟ کراچی شہر میں اب تک ایک دھیلے کا کام نہیں کیا گیا۔
کراچی صفائی مہم کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ
وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی شہر کے نالوں سے کچرا نکال کر پارکوں میں ڈال دیا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی میئر کراچی کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے کچرے اورصفائی پر عوام سے کھلواڑ ہورہا ہے، کچرے کو لے کر مفادات کی سیاست اور عوام کی تذلیل کی جارہی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج بنانے کا نوٹیفکیشن نکالنا وسیم اختر کا سیاسی دماغی اور اخلاقی دیوالیہ پن تھا۔