مانچسٹر: برطانیہ میں مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانی نوجوانوں پر تشدد کے بعد میئر مانچسٹر اینڈی برن ہیم کا بیان سامنے آ گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے پوسٹ میں میئر مانچسٹر نے کہا کہ انھوں نے واقعے کی تکلیف دہ ویڈیوز دیکھی ہیں، اینڈر برن ہیم نے کہا ’’ہم مانتے ہیں کہ جو ویڈیوز وائرل ہوئیں وہ تشویش ناک ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’ڈپٹی میئر اور میں نے ڈپٹی چیف کانسٹیبل سے واقعے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، پولیس کے اس عمل کی مکمل تحقیقات کے لیے آزادانہ تحقیقات کی جا رہی ہے۔‘‘
واقعے پر احتجاج
مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانی نژاد فیملی پر پولیس تشدد کے خلاف رات گئے احتجاج کیا گیا، راچڈیل میں پولیس اسٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔
T2 Manchester Airport
Can’t see how you can justify kicking someone in the face and head when they are laying on floor being tasered and he seemed compliant. Although someone context is required as to what was going here. pic.twitter.com/nh1tEb5bm9— (@KashAhmed77) July 24, 2024
مظاہرین نے پولیس گردی کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ نفرت اور تعصب پر مبنی واقعہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس تشدد میں ملوث اہلکاروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ آج میئر مانچسٹر کے آفس پر بھی احتجاج کی کال دے دی گئی۔
مانچسٹر ایئرپورٹ واقعہ
مانچسٹر ایئرپورٹ پر برطانوی پولیس اہلکاروں نے پاکستان نژاد فیملی پر تشدد کیا، انھوں نے اہل خانہ کے سامنے 2 نوجوانوں کو مارا پیٹا، اہلکار زمین پر گرے نوجوان کو لاتوں سے مارتے رہے، جب کہ ان کی ماں بچانے کی کوشش کرتی رہی۔
The Mayor has shared the following statement regarding the incident at Manchester Airport yesterday. pic.twitter.com/OQtEC5Ui1J
— Mayor of Greater Manchester (@MayorofGM) July 24, 2024
گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر مسافروں میں جھگڑا ہوا تھا، جب پولیس موقع پر پہنچی تو ایک شخص نے اس وقت اہلکاروں پر حملہ کیا جب اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس ہاتھا پائی میں 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے، ایک خاتون اہلکار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، مانچسٹر پولیس کے مطابق اہلکاروں نے 4 افراد کو گرفتار کر کے حالات قابو میں کیے۔
اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل مانچسٹر پولیس وسیم چوہدری نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر مانچسٹر پولیس نے تشدد کرنے والے ایک اہلکار کو معطل کر دیا ہے، اور اس سارے معاملے کو انڈیپنڈنٹ آفس آف پولیس کنڈکٹ کو ریفر کر دیا گیا ہے، تاکہ اس کی آزادانہ تحقیقات کی جا سکیں۔