کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ شفاف الیکشن ہوئے تو کراچی میں جماعت اسلامی کا میئر ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حقوق کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تباہی پاکستان کی تباہی ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے کراچی والوں کو مایوس کیا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے نوجوان بے روزگار ہیں، شہریوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی جائیں، جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو مردم شماری پر شک ہے، آج کراچی میں پانی نہیں ہے، گٹر ابل رہے ہیں، جب کراچی کے لوگ خوشحال ہوتے ہیں تو پاکستان خوشحال ہوتا ہے، کراچی جب پریشان ہوتا ہے تو دیگر صوبے بھی پریشان ہوتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی میں صرف مہاجر ہی نہیں ہے تمام قومیت کے لوگ بستے ہیں، کراچی کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، ہم ملک بھر میں عوام کی ترجمانی کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ نیب نے بھی احتساب کو انتقام کی طرح اپنایا ہوا ہے، ملک میں اخلاقی، مالی دہشت گردی بھی جاری ہے، حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، وزیراعظم یوٹرن لینے کے بجائے رائٹ ٹرن لے لیں تو بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رونے دھونے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے کراچی کو نکلنا پڑے گا، 14 اکتوبر پورے ملک میں کراچی کے عوام کے لیے نکلیں گے، سینیٹ میں ہر مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتا ہوں، چاہتے ہیں کراچی کے بچوں کو انصاف ملے۔