کراچی : مزار قائد مینجمنٹ بورڈ نے مزار کا تقدس پامال کرنے پر مریم نواز ، کیپٹن(ر)صفدر ودیگر کیخلاف کارروائی کی استدعا کردی،درخواست میں شکایت کنندہ منیجر ایچ آر مزار قائد بورڈ غلام اکبر میمن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مزار قائد کی بے حرمتی کے معاملے پر مزار مینجمنٹ بورڈ نے عدالت سے رجوع کرلیا، مزار بورڈ نے سٹی کورٹ ميں درخواست جمع کرادی۔
درخواست مزار قائدمینجمنٹ بورڈ کی جانب سےقواعد کےتحت دی گئی ، درخواست میں شکایت کنندہ منیجر ایچ آر مزار قائد بورڈ غلام اکبر میمن ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مزار قائد قانون کےتحت مریم نواز ،کیپٹن(ر)صفدر کیخلاف کارروائی کی جائے۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے درخواست پر اعتراض لگا کر واپس کردی اور کہا درخواست کے ساتھ وکالت نامہ جمع کرایا جائے، پیر کو اعتراض ختم کرکے دوبارہ درخواست لگائی جائے گی۔
یاد رہے کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے قبل مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد پر حاضری دی تھی، اس موقع پر کیپٹن صفدر اور کارکنوں کی جانب سے مزار قائد کے احاطے میں شدید نعرے بازی کی گئی تھی۔
بعد ازاں انیس اکتوبر کی شب مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں پولیس نے کیپٹن(ر)صفدرکو گرفتارکیا تھا، ان کی گرفتاری نجی ہوٹل سےعمل میں لائی گئی، کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتاری کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کیا گیا تھا۔
مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ شہری کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں علی الصبح درج کیا گیا تھا، مقدمہ قائداعظم مزار آرڈیننس کی خلاف ورزی کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا، بریگیڈ تھانے میں درج مقدمے میں مزید 200نامعلوم افراد بھی نامزد کئے گئے تھے۔