بھارت کے راجستھان میں کوٹا میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس کے طالب علم نے اُمیدوں کے بوجھ تلے دب کر اور مختلف پریشانیوں سے گھبرا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نوجوان کی لاش کے پاس سے ایک سوسائڈ نوٹ برآمد ہوا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ سوسائڈ نوٹ میں طالب علم نے اپنے ماں – باپ سے ان کا خواب پورا نہیں کر پانے کو لے کر معافی مانگی ہے۔ نوجوان کی آنکھوں میں سنہرے مستقبل کے خواب نے نہ جانے کب دم توڑ دیا اور اس نے انتہائی قدم اُٹھالیا، اور ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس کے مطابق جئے پور کا رہنے والا 28 سال کا سنیل کوٹا میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کر رہا تھا۔ کالج کے ہاسٹل نمبر تین میں رہنے والا یہ طالب علم جب پورے دن دکھائی نہیں دیا تو اس کے دوست رات کو اس کے کمرے میں پہنچے۔
رپورٹس کے مطابق دروازہ کھٹکھٹانے پر اندر سے کوئی جواب نہیں ملا، جس کے بعد دوستوں نے کمرے کا گیٹ توڑ دیا۔ اندر کا نظارہ دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔ سنیل پھندے سے لٹکا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ خاندان کے والوں کو اطلاع کردی گئی ہے۔
اس سے قبل امریکا میں ایک بھارتی طالب علم کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، مقتول کا تعلق تلنگانہ کے رنگا ریڈی ضلع سے بتایا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ بدھ کی صبح مِلووکی شہر میں رونما ہوا، امریکا میں قتل ہونے والے مقتول بھارتی طالب علم کی شناخت 27 سالہ پروین کے نام سے ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مقتول وسکانسن کے ملووکی میں ایم ایس کی تعلیم حاصل کررہا تھا اور ایک اسٹور میں پارٹ ٹائم جاب بھی کرتا تھا۔ امریکی پولیس کے افسران نے مقتول کے خاندان کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔
کینیڈا میں بھارتی طالب علم روم میٹ کے ہاتھوں قتل
مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ انہیں صبح 5 بجے بیٹے کا واٹس ایپ کال آیا، مگر وہ یہ فون نہیں اٹھا سکے۔ پھر میں نے بعد میں اس کے نمبر پر کال کیا تو فون کسی اور نے اُٹھایا، جس پر مجھے شبہ ہوا اور میں نے کال کاٹ دیا، یہ سوچ کر کہ کہیں کچھ ہوا تو نہیں ہے۔
جب میں نے اس کے دوستوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ وہ پارٹ ٹائم جاب کے لیے ایک دکان پر گیا تھا اور لوٹ مار کے دوران لٹیروں نے گولیاں چلا دیں۔ ایک گولی اسے لگ گئی جس میں اس کی موت واقع ہوگئی۔