کراچی: ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایم ڈی اے) کےسینکڑوں سرکاری اور کانٹریکٹ ملازمین گزشتہ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، ادارے کے دیگر امور بھی تعطل کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈی اے میں تنخواہوں کا بحران ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی) کے عہدے پر کسی افسر کی تعیناتی نہ ہونے کے سبب پیدا ہوا ہے، گزشتہ سال بھی ایم ڈی اے میں تنخواہوں کے معاملات کئی مہینے تعطل کا شکار رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی شخص کو محکمے کا ڈی جی مقرر نہیں کیا گیا ہے جس کے سبب ملازمین کی تنخواہوں کے بل پر دستخط نہیں کیے جاسکے ہیں ، نا صرف تنخواہیں بلکہ ادارے کے دیگر امور بھی ٹھپ پڑے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ محکمے میں رمضان کے مہینے سے ڈائریکٹر جنرل کی سیٹ خالی ہے جس کے سبب یہ بحران پیدا ہوا، مذکورہ محکمے کے پاس کافی عرصے سے کوئی مستقل بنیادوں پر ڈائریکٹر جنرل نہیں ہے جس کی وجہ سے ڈیپوٹیشن پر افسران کو بھیج کر کام چلایا جارہا ہے۔
ایم ڈی اے کے مستقل اور کانٹریکٹ ملازمین کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی تنخواہوں کا بحران پیدا ہوا تھا جس کے سبب گھر کا سامان بیچ کر گزر اوقات کرنا پڑی تھی اور ابھی تک سابقہ بحران سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات سے باہر نہیں نکل سکے ہیں کہ یہ حالیہ بحران پیدا ہوگیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں