کراچی: شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ کسی کو بُرا کہنے سے پہلے آئینہ دیکھ لینا بہتر ہے۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ موبائل فون استعمال کررہے ہیں، اداکار نے تصویر کے ساتھ معنی خیز پوسٹ بھی شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
نعمان اعجاز نے پوسٹ میں لکھا کہ ’ہمیں ںفرت کرنا پسند ہے کیونکہ اگر ہمیں نفرت کرنا پسند نہیں ہوتا تو ہم لوگوں کو نظر انداز کردیتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں کرتے۔‘
اداکار نے کہا کہ ’یہ ہمارا فرض بن گیا ہے کہ ہمیں لوگوں کی ذات اور زندگیوں پر تبصرے کرنے ہیں اور انہیں برا بھلا ہی کہنا ہے، کسی کو برا کہنے سے پہلے آئینہ دیکھ لینا بہتر ہے۔‘
نعمان اعجاز نے مزید کہا کہ ’ہم برداشت کے بارے میں کیسے بات کرسکتے ہیں جب ہمارے اندر یہ موجود ہی نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں تنازعات بنا دئیے جاتے ہیں کیونکہ اس سے لوگوں کے مفادات وابستہ ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں دیکھا جاتا کہ بات کس تناظر اور ماحول میں کی گئی بلکہ بات پکڑ لی جاتی ہے تاہم تاویلات دینا میری عادت نہیں۔