اسلام آباد: وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں طبی امداد کی فراہمی جاری ہے، مختلف علاقوں میں 47 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، مشکل کی گھڑی میں عوام کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان، پختونخواہ اور پنجاب میں 47 ہیلتھ کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختونخواہ کے 8 اضلاع میں 16 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں، بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14، سندھ کے 10 اضلاع میں 13 اور پنجاب کے 2 اضلاع میں 4 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 5 ہزار 544 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے، کیمپس میں 5 سال سے کم عمر 13 سو 5 بچوں کو طبی امداد دی گئی۔
علاوہ ازیں ہیلتھ کیمپس میں 758 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین بھی پلائی گئی۔