اسلام آباد: میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دے دی، ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے سابق صدر کو پرہیز سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پمز کے ذرایع نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے تشکیل دیے جانے والے میڈیکل بورڈ نے پرہیز سمیت کئی قسم کی احتیاطیں تجویز کر دی ہیں۔
ڈاکٹرز نے سابق صدر کو تا دیر کھڑے ہونے سے گریز کی ہدایت کے ساتھ گردن میں تکلیف پر نرم سرہانہ استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی، اور کھانے میں خصوصی احتیاط کی تجویز دی۔
اسپتال ذرایع کے مطابق ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دے دی ہے، ڈاکٹرز نے ہدایت کی کہ چکنائی اور نمک کا کم استعمال کیا جائے، مچھلی اور تھوڑی مقدار میں چکن بھی کھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع
میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو دن میں 2 بار الیکٹرک مساج چیئر کے استعمال کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر کے طبی معائنے کے لیے چار رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، جس نے آصف زرداری کا بلڈ پریشر، شوگر ٹیسٹ کر وایا، ان کا بلڈ پریشر نارمل جب کہ شوگر لیول معمول سے کم نکلا، آصف زرداری کو گردن اور مہروں میں شدید تکلیف کے ساتھ کم زوری اور دھڑکن بے ترتیب ہونے کی شکایت ہے۔
دوسری طرف احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔