اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

آصف زرداری کا آر آئی سی میں طبی معائنہ، صحت تسلی بخش قرار

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: سابق صدر آصف علی زرداری کو طبیعت کی ناسازی پر راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کر کے میڈیکل بورڈ نے صحت تسلی بخش قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا آر آئی سی میں طبی معائنہ کیا گیا، بعد ازاں نیب ٹیم آصف زرداری کو اسپتال سے لے کر روانہ ہوگئی، ترجمان نے کہا کہ آصف زرداری کو میڈیکل بورڈ کی سفارش پر چیک اپ کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

نیب کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کا طبی معائنہ معمول کے مطابق تھا، میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

دوسری طرف آر آئی سی میں آصف زرداری کی آمد پر ایمرجنسی بند کر دی گئی، جس کے باعث مریض اور لواحقین شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے، اسپتال آنے والے تمام افراد کو باہر نکال دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

ادھر ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو سٹی اینجیو ٹیسٹ کے لیے آر آئی سی منتقل کیا گیا، 3 رکنی خصوصی میڈیکل ٹیم ان کے ہم راہ تھی، آصف زرداری کی دل کی شریانیں چیک کی گئیں۔

ذرایع کا یہ بھی کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کراچی کے اسپتال منتقل ہونے پر اصرار کیا، تاہم انھیں وی وی آئی پی روم دیا گیا، ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ آصف زرداری کا بلڈ پریشر بڑھ گیا تھا۔

اسپتال ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کی حالت نارمل ہے، ان کا معمول کا چیک اپ کیا گیا، چیک اپ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے ذرایع نے کہا کہ نیب کے میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کے لیے ٹیسٹ تجویز کیے تھے، جس کے لیے نیب ٹیم انھیں اسپتال لے کر گئی۔ دریں اثنا، آصف زرداری سے ملنے پیپلز پارٹی رہنما بھی آر آئی سی پہنچے، جن میں خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور نیئر بخاری شامل تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں