لاہور/اسلام آباد: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد نیب میں طبی معائنہ کیا گیا، تمام ٹیسٹ نارمل نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کے شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کیے گئے، ڈاکٹرز نے حمزہ شہباز کو صحت مند قرار دیا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے کلینکل ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے ہیں، میڈیکل بورڈ کو آصف زرداری کی ٹیسٹ رپورٹس موصول ہو گئیں، تمام ٹیسٹ رپورٹس نارمل ہیں۔
ٹیسٹ رپورٹس کی کاپیاں آصف زرداری اور نیب کو فراہم کر دی گئیں، ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کے شوگر لیول میں تیزی سے کمی آ رہی ہے، میڈیکل بورڈ نے ان کے شوگر لیول میں کمی پر اظہار تشویش کیا ہے، بورڈ نے شوگر ادویات میں کمی بیشی پر غور کیا ہے۔
خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ میں حمزہ شہباز کے وکلا نے ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں تھیں اور کہا تھا عدالت ہمیں سننا ہی نہیں چاہتی تو کیا کریں، جس کے بعد نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد میڈیکل بورڈ کا طبی معائنہ
حمزہ شہباز کو ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپا مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں نا کام رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کی وجوہ بتا دیں
ادھر نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کی وجوہ بھی جاری کر دی ہیں، نیب نے کہا ہے 2003 میں حمزہ شہباز کے اثاثے 18 ملین تھے اور 2017 تک اثاثے 411.630 ملین ہو گئے، جب کہ ملزم نے 181 ملین روپے باہر سے آمدن کا دعویٰ کیا تھا۔
نیب کا کہنا تھا تفتیش کے دوران حمزہ شہباز کے دعوے جھوٹے نکلے، ملزم نے خاندان سمیت 12 انڈسٹریل یونٹس بنائے، مصنوعی فنڈ اور 244 ملین کا مصنوعی قرض بھی لیا، ملزم نے کمپنی کی تنخواہ، تحائف بھی جعلی طریقے سے ظاہر کیں، ملزم نے 167 ملین کمرشل، رہایشی اور زرعی زمین بھی ظاہر کی۔