لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کو کوٹ لکھپت جیل سے چیک اپ کے لیے پی آئی سی پہنچا دیا گیا جہاں میڈیکل بورڈ ان کا طبی معائنہ کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی سی میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا چیک اپ کیا جا رہا ہے، میڈیکل بورڈ میں پروفیسر حامد خلیل، پروفیسرشاہد حمید، پروفیسر ندیم حیات ملک اور ایم ایس ڈاکٹرامیر شامل ہیں۔
پروفیسر ندیم حیات ملک اورایم ایس ڈاکٹر امیر کی نگرانی میں میڈیکل بورڈ نوازشریف کا چیک اپ کررہا ہے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی پی آئی سی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا 12 جنوری کو معائنہ کیا، رپورٹس کا منتظر ہوں، تاخیر مریض کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، بروقت لائحہ عمل اختیار کرنا ضروری بھی ہے اور لازمی بھی ہے۔
اس سے قبل 9 جنوری کو نوازشریف کی جیل میں قید کے دوران طبیعت ناساز ہوگئی تھی اور معائنے کے نتیجے میں ان کے گلے میں انفیکشن ، سر میں درد اور معمولی بخار کی شکایت پائی گئی ، جس کے بعد ڈاکٹر نےمکمل آرام کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے نوازشریف العزیزیہ ریفرنس میں کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں، احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو مجرم قرار دیتے ہوئے 7سال کی قید، 10سال کی نا اہلی اور 25ملین ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی۔