پیر, اکتوبر 7, 2024
اشتہار

کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ، 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، نجی اسپتال کی غفلت سے 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ لانڈھی کے رہائشی والدین کا کہنا ہے کہ لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب واقع نجی اسپتال میں 13 سالہ بیٹے حمزہ کو داخل کروایا گیا تھا۔

والدین کا کہنا ہے کہ لڑکے کو بخار کے باعث اسپتال میں داخل کروایا تھا، اسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور غلط انجکشن لگایا جس سے حمزہ کا ہاتھ کالا پڑ گیا۔

- Advertisement -

ان کے مطابق غلط انجکشن کے باعث جسم میں زہر پھیلنے سے حمزہ کا سیدھا ہاتھ کاٹ دیا گیا جس کے بعد حمزہ ایک ہاتھ سے معذور ہوگیا ہے۔ حمزہ اب سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے۔

دوسری جانب ٹراما سینٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ کے پانچ آپریشن کیے جا چکے ہیں، حمزہ کے جسم میں اب بھی زہر موجود ہے، اسے آئی سی یو سے وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایک ماہ قبل ہی کراچی کے دارالصحت اسپتال کی غفلت کی وجہ سے 9 ماہ کی ننھی نشوہ معذور ہوگئی تھی جس کے بعد اسے علاج کے لیے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا البتہ وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔

واقعہ میڈیا پر آجانے کے بعد دارالصحت اسپتال کو بند کردیا گیا تھا تاہم نشوہ کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان صلح نامہ ہوگیا تھا جس کے بعد کیس بند کردیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں