ایبٹ آباد: ملک میں جاری کرونا وبا کی دوسری لہر نے ایک اور مسیحا کی زندگی کا چراغ گل کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایوب میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل افسر ڈاکٹر راجہ آصف کرونا سےانتقال کرگئے، ڈاکٹر راجہ آصف چند روز سےکووڈ نائنٹین کے باعث وینٹی لیٹر پر تھے، تاہم آج وہ جانبر نہ ہوسکے اور چل بسے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر آصف کو ایک ہفتے قبل بڑا صدمہ پہنچا تھا، جہاں ان کے والد بھی کرونا کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
اسپیکر کے پی اسمبلی نے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کےایم او کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، اپنے تعزیتی بیان میں مشتاق غنی نے کہا کہ اللہ مرحوم ڈاکٹر راجہ آصف کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
اسپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرزکےجذبےکو قدر کی نگاہ سےدیکھتےہیں، عوام کرونا کی دوسری لہر میں زیادہ احتیاط سےکام لیں اور حکومتی ایس اوپیزپر سختی سےکاربند رہیں۔
اس سے قبل دس نومبر کو خیبر میڈیکل کالج کےتھرڈ ایئر کےطالب علم ڈاکٹر عدنان حلیم جاں بحق ہوگئے تھے، پرونشل ڈاکٹرز ایسوی ایشن پشاور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹر عدنان خیبر ٹیچنگ اسپتال کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹرپر تھے، ڈاکٹر عدنان حلیم کا تعلق ضلع سوات سےتھا۔
واضح رہے کہ اکتیس اکتوبر کو بھی پشاور میں کرونا وائرس وبا کی دوسری لہر کے دوران کو وِڈ نائنٹین سے ایک اور ڈاکٹر جاں بحق ہوا تھا، ڈاکٹر سلطان زیب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے، وہ ایسوسی ایٹ ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری تھے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 756 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 ہو گئی ہے۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید چونتیس افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 696 ہو گئی ہے، جب کہ 1 ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس نے ایک اور مسیحا کی جان لے لی
این سی او سی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 38 ہزار 384 ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1057 کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 885 ہوگئی۔
کرونا کی تشخیص کے لیے ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 929 ٹیسٹ کیےگئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 52 لاکھ 16 ہزار 955 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جس میں وبا ایک بار پھر بے قابو ہونے لگی ہے، اور روزانہ کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔