اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے میڈیکل پلان آف ایکشن تیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے اللہ پاکستان کو کرونا وائرس کی وبا سے محفوظ رکھے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان پوری طرح تیار ہے، سول اداروں کے ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، وبا پر قابو پانے کے لیے وفاق اور صوبوں سے رابطے میں ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف نے تمام فارمیشن کو ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی ہے، جہاں ضرورت ہے وہاں سول انتظامیہ کی مدد کی جا رہی ہے، فوج کے تمام ادارے مشترکہ نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ داخلی راستوں پر لوگوں کی بھرپور چیکنگ کی جا رہی ہے، 21 مارچ کی صبح سے 6 بڑے ایئرپورٹس کھل گئے ہیں، ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے عمل میں انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں، زمینی راستوں پر سیکورٹی فورسز، دیگر ادارے عملدرآمد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تینوں مسلح افواج کی میڈیکل ٹیم کو تیار کر لیاگیا ہے، تینوں مسلح افواج کی میڈیکل سہولت میں اہم سرجریزکی جا رہی ہیں، مسلح افواج کی میڈیکل سہولت میں لوڈمینجمنٹ کی جا رہی ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں ہم سب نے مل کر انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہے، کرونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے انفارمیشن بھی اہم پہلو ہے، تمام صورت حال سے میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوف وہراس نہ پھیلے اس لیے درست انفارمیشن ضروری ہے، بروقت اور درست اطلاعات سے افواہوں کو ختم کیا جاسکتا ہے،ہر کسی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ موبائل کمپنیز کے ساتھ مل کر پیغامات عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں، موبائل کمپنیوں سے مل کر احتیاطی تدابیر لوگوں کو بھیجے جائیں گے، سوشل میڈیا پر احتیاطی تدابیر پر مشتمل معلومات دی جا رہی ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی آگاہی کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، میڈیا نے پہلے بھی اہم کردار ادا کیا اب بھی کر رہا ہے، متحد ہو کر ہی ہم اس وبا کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک صبرآزما وقت ہے ہم نے ملک کر اس وبا کو شکست دینی ہے، صبر آزما مرحلہ ہے، ہم مل کر اس چیلنج سے نمٹیں گے، عوام کا اعتماد افواج پاکستان کا اثاثہ ہے، صفائی نصف ایمان ہے اور کرونا کے خلاف موثر ہتھیار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سینیٹائزر بنانے کے لیے پاک فوج کے سائنسدان مدد کر رہے ہیں، جہاں ضرورت ہے وہاں قرنطینہ کے لیے مدد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے میڈیکل پلان آف ایکشن تیار کرلیا ہے۔