کراچی میں جان بچانے والی ضروری ادویات کی شدت قلت پیدا ہوگئی ہے، میڈیکل اسٹورز پر کینسر، امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں کے لیے ادویات سمیت متعدد اینٹی بائیوٹک بھی دستیاب نہیں ہیں۔
جان بچانے والی ادویات کی قلت نے مریضوں کے لیے صورت حال سنگین بنادی ہے، ماہرین صحت کے مطابق متعلقہ محکموں کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونا بحران کی بڑی وجہ ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں چیئرمین پی پی ایم اے مصباح الرحمان نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور اس کے سدباب سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جب کسی دوا کی لاگت اس کی قیمت سے زیادہ ہوجائے تو حکومتی سطح پر اس کی قیمت دوبارہ مرتب کی جاتی ہے، گزشتہ دوسال قبل 262 ادویات کی فہرست حکومت کو ارسال کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
مصباح الرحمان نے کہا کہ مقامی ادویات کی عدم دستیابی سے جعلی اور اسمگل شدہ ادویات کا استعمال بڑھ گیا، مارکیٹ میں پہلےہی 100سے زائد ضروری ادویات دستیاب نہیں، حکومت نے مطالبہ نہ مانا تو جان بچانے والی ادویات ناپید ہوجائیں گی۔