منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

مینا شوری:‌ پاکستانی فلموں کی مقبول ہیروئن جس کی تدفین ایک فلاحی ادارے کو کرنا پڑی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک خوب صورت چہرہ اور مقبول نام مینا شوری تھا جو قیامِ پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان میں اپنا فلمی کیریئر شروع کرچکی تھیں۔ تقسیمِ ہند کے بعد پچاس کی دہائی میں مینا شوری پاکستانی فلموں میں بطور ہیروئن نظر آنے لگیں اور کام یاب رہیں۔

مینا شوری کا اصل نام خورشید جہاں تھا۔ وہ اپنی بہن کے ساتھ ممبئی شفٹ ہوئیں تو وہاں ان کی ملاقات ہندوستان کے مشہور فلم میکر اور اداکار سہراب مودی سے ہوئی۔ وہ فلم ’’سکندر‘‘ بنانے کا سوچ رہے تھے۔ سہراب مودی نے مینا شوری کی چھپی صلاحیتوں کو بھانپ لیا اور انھیں فلم ’’سکندر‘‘ میں کاسٹ کر لیا۔ یہ سپرہٹ فلم ثابت ہوئی اور یوں مینا شوری کا یہ فلمی سفر آگے بڑھا۔

مینا شوری نے پہلی شادی روپ کے شوری سے کی تھی لیکن جب وہ ایک موقع پر لاہور آئے تو یہاں‌ فلم سائن کرنے والی مینا شوری نے واپس ممبئی جانے سے انکار کردیا تھا۔ یوں روپ کے شوری کو مایوس لوٹنا پڑا۔ اور مینا نے یہاں فلموں میں کام شروع کردیا۔ اس وقت فلمی ستاروں کے جھرمٹ میں خورشید جہاں کو مینا شوری کے نام سے جو پہچان ملی تھی اس کو فلم "ایک تھی لڑکی” کے شوخ گیت "لارا لپا، لارا لپا، لائی رکھدا” نے بلندیوں پر پہنچا دیا۔ وہ لارا لپا گرل مشہور ہوگئی اور پاکستان بھر میں‌ مینا شوری کا نام سنا جانے لگا۔ یہ اداکارہ سرطان کے مرض میں‌ مبتلا ہوکر 3 ستمبر 1989ء کو اس دنیا سے رخصت ہوگئی تھی۔ مینا شوری کی ذاتی زندگی کئی مصائب اور تکالیف کا شکار رہی اور ان کا انجام بھی افسوس ناک ہوا۔ کہتے ہیں‌ کہ آخری عمر میں وہ مالی مشکلات اور تنہائی کا عذاب جھیل رہی تھیں. اس پر ان کی بیماری بھی تکلیف دہ تھی۔ المیہ دیکھیے کہ اپنے وقت کی مشہور اداکارہ اور کام یاب ہیروئن کی موت کے بعد ان کے کفن دفن کا انتظام بھی ایک خیراتی ادارے کو کرنا پڑا تھا۔ مینا شوری کے تاریخ و سنہ وفات میں بھی اختلاف ہے۔ لاہور میں‌ ان کے مدفن پر جو کتبہ موجود ہے، اس کے مطابق ان کی موت 1987 میں ہوئی جب کہ اکثر جگہ مہینہ فروری بھی لکھا گیا ہے۔

- Advertisement -

اداکارہ نے 1921ء میں رائے ونڈ کے ایک گھرانے میں‌ آنکھ کھولی تھی۔ تقسیمِ ہند کے بعد مینا شوری کراچی میں رہیں اور پھر لاہور منتقل ہوگئیں۔ من موہنی صورت والی مینا شوری نے پانچ شادیاں کیں اور سب ناکام رہیں۔

مینا شوری کی مشہور فلموں میں پتھروں کا سوداگر، شہر سے دور، پت جھڑ، چمن اور ایک تھی لڑکی شامل ہیں جب کہ سرفروش، جگا، جمالو، بڑا آدمی، ستاروں کی دنیا، گل فروش، بچہ جمہورا، گلشن، تین اور تین، پھول اور کانٹے، موسیقار، خاموش رہو، مہمان میں بھی انھوں نے بہت عمدہ اداکاری کی تھی۔ پاکستان میں مینا شوری نے 54 فلموں میں کام کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں