کوئٹہ : سینیٹرحاصل بزنجو نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو شہریت دینے سے متعلق وزیر اعظم نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا، مہاجرین کی واپسی یقینی بنانے کیلئےاقدامات کیے جائیں۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مہاجرین کی واپسی کا معاہدہ طے ہوا ہے۔
افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا، حکومت کو چاہیے کہ وہ مہاجرین کو شہریت دینے کے بجائے ان کی وطن واپسی یقینی بنانے کیلئے مؤثراقدامات کرے۔
ایک سوال کے جواب میں سینیٹرحاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے کو بڑھایا جائے، این ایف سی ایوارڈ کو آئینی تحفظ حاصل ہے، 18ویں ترمیم پرعملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر زیر گردش تھی کہ حکومت نے غیر رجسٹرڈ افغانی اور بنگالیوں کو پاکستانی شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا اور وزارت داخلہ نے بھی صوبوں سے ان مہاجرین کا ڈیٹا بھی طلب کرلیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے اسمبلی سے خطاب میں اس بات کی وضاحت کی کہ افغانی اور بنگالیوں کو رجسٹرڈ کرنے کی تجویز زیر غور ہے ابھی اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا گیا ہے کابینہ سے مشورے کے بعد آگاہ کردیا جائے گا۔