بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں امیت نامی شہری کے قتل کیس میں سانپ بے قصور نکلا اور پولیس نے مقتول کی بیوی اور اس کے آشنا کو گرفتار کر لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رویتا نامی خاتون نے آشنا امردیپ کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا اور اسے حادثاتی موت ظاہر کرنے کیلیے سانپ کا استعمال کیا۔
مقتول امیت پیشے کے لحاظ سے مزدور تھا جو اپنے بستر پر مردہ پایا گیا، ظاہری طور پر اس کی موت سانپ کے کاٹنے سے ہوئی تاہم پولیس نے تحقیقات کے بعد سانپ کو بے قصور قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون نے آشنا کیساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا، لاش سیمنٹ سے بھرے ڈرم میں ڈال دی
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیجا تو فرانزک رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ امیت سانپ کے کاٹنے سے قبل گلا گھونٹے سے دم توڑ گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق سانپ کو قتل کی واردات پر پردہ ڈالنے کیلیے استعمال کیا گیا۔
جب پولیس نے رویتا سے پوچھ گچھ کی تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے شوہر کے قتل کی سازش آشنا امردیپ کے ساتھ مل کر کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ قتل کی رات جب امیت سو رہا تھا تو ملزمان نے اس کا گلا گھونٹ دیا، کسی کو شک نہ ہو اس لیے انہوں نے 1 ہزار روپے کا زہریلا سانپ خریدا اور اسے امیت کے جسم پر چھوڑ دیا۔
حکام کے مطابق رویتا اور امردیپ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کر رہے ہیں جبکہ کیس کو مضبوط کرنے کیلیے اضافی فرانزک تجزیہ جاری ہے۔