قدرتی آفات کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کا نام اسی آفت کے نام پر رکھنے کا رجحان بھارت میں بڑھتا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات میں نوزائیدہ بچی کا نام والدین نے ’بپر جوائے‘ رکھ لیا ہے۔ واضح رہے کہ مغربی ساحل کی طرف بڑھنے والے سمندری طوفان کو ’بپر جوائے‘ کا نام دیا گیا ہے۔
خاتون کے ہاں بیٹی کی پیدائش ایک ماہ قبل ہوئی تھی جو گجرات کے ضلع جاکھاؤ کی پناہ گاہ میں مقیم ہیں۔
نومولود کے والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام آنے والے سمندری طوفان کے بعد ’بپر جوائے‘ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ زلزلے اور طوفان جیسی قدرتی آفات کے نام پر بچوں کے نام رکھنے کا عجیب و غریب رجحان نیا نہیں ہے۔
اس سے قبل بھارت میں والدین نے نومولود کا نام ’کورونا وائرس‘ رکھا تھا جبکہ راجستھان میں ایک بچے کا نام ’لاک ڈاؤن‘ رکھ دیا گیا تھا۔