جمعہ, نومبر 15, 2024
اشتہار

’’پارٹی ہورہی ہے‘‘ ویڈیو بنانے کا خیال کیسے آیا؟ دنانیر مبین نے بتادیا

اشتہار

حیرت انگیز

چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند طلبا شمالی علاقہ جات میں موجود تھے اور ان میں سے ایک لڑکی انگریزی کے بناؤٹی انداز میں اردو بولتے ہوئے اپنا تعارف کچھ اس طرح کرواتی ہے’’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہوری (پارٹی ہورہی) ہے‘‘۔

لڑکی کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین، شوبز ستارے اور کرکٹرز بھی ویڈیو کے سحر میں مبتلا ہوگئے، اور پارٹی ہورہی ہے کی اپنے اپنے انداز میں ویڈیو بنائی۔

سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والی لڑکی دنانیر مبین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی، دنانیر مبین نے ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ ’یہ میرا لیپ ٹاپ ہے اور یہ میرا اے آر وائی پر انٹرویو ہورہا ہے۔

- Advertisement -

دنانیر مبین نے کہا کہ میں گھر پر اور دوستوں کے ساتھ اس طرح کا ہنسی مذاق کرتی رہتی ہوں، ویڈیو بنانے کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی، ہم گھومنے گئے تھے، میں نے ایسے ہی اچانک موبائل فون نکالا اور ویڈیو بنالی۔

دنانیر مبین نے بتایا کہ ہم لوگ نتھیا گلی سے واپس ایبٹ آباد آرہے تھے، ہمیں بہت بھوک لگ رہی تھی تو ہم ایک جگہ کباب روٹی کھانے کے لیے رکے تھے، وہ جگہ کافی سنسان تھی وہاں پر صرف ایک ہی دکان تھی، موسم اچھا تھا تو ہم گاڑی سے نکلے اور میرے ساتھ موجود دوست رقص کرنے لگے تو میں نے بس یونہی ویڈیو بنالی۔

ایک سوال کے جواب میں دنانیر نے کہا کہ ایکدم سے لوگوں کی جانب سے اتنا پیار مل رہا ہے تو بہت اچھا لگ رہا ہے، میں بہت خوش ہوں سوچا نہیں تھا کہ ویڈیو اس طرح وائرل ہوگی۔

دنانیر نے بتایا کہ وہ اے لیول کی طالب علم ہیں، اس ویڈیو کے وائرل ہونے سے قبل وہ اپنے انسٹاگرام اور یوٹیوب چینل پر مختلف مقامات کی ویڈیو بناچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے گانے کا شوق ہے، دنانیر نے اپنا پسندیدہ گانا بھی گنگنایا جس کے بول کچھ یوں ہے ’یہ ہوا یہ رات یہ چاندنی تیری اک ادا پر نثار ہے۔

آخر میں ویڈیو پر تنقید کرنے والوں سے متعلق دنانیر کا کہنا تھا کہ میری ویڈیو لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی وجہ بنی اگر کوئی اس پر تنقید کررہا ہے تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں