اسلام آباد/ریاض: سعودی حکومت نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کاروباری ویزے کے اجراء کو آسان بنانے اور ویزہ فیس کم کرنے پر نظر ثانی کا فیصلہ کرلیا۔
العربیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کا 11واں اجلاس منعقد ہوا جس میں دو طرفہ اقتصادی تعلقات اور تجارتی تعاون سمیت کاروباری ویزے کے اجراء کو آسان بنانے سے متعلق بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے کاروباری ویزے کے اجراء کے طریقہ کار کو سادہ اور آسان بنانے اور ویزہ فیس میں کمی پر بھی بات چیت کی جبکہ دونوں ممالک نے تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور بزنس کونسل کو متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے باہمی تجارتی راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی تجویز پیش کی جبکہ پاک سعودی اقتصادی معاہدے پر علمدرآمد کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیں: ایپل اور ایمازون سعودی عرب میں براہ راست سرمایہ کاری کی خواہش مند
واضح رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان میں دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت مختلف اقدامات بھی کرتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت وژن 2030 پر عمل پیرا ہے جس کے تحت ولی عہد نے گزشتہ برس خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی بھی اجازت دی۔
سعودی حکومت کے روشن خیال ایجنڈے کو دیکھتے ہوئے معروف کمپنیاں مملکت میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش مند ہیں، اس ضمن میں موبائل فون بنانے والی دو بڑی کمپنیاں ایپل اور آئی فون نے حکومت سے باقاعدہ اجازت طلب کرلی ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔