لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان اور اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں کی جانب سے 2، 2 نام تجویز کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان اور اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے درمیان ملاقات ختم ہوگئی۔ ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن نے 2، 2 نام نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے تجویز کر دیے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کا کہنا تھا کہ معاملہ کمیٹی یا الیکشن کمیشن میں نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اوریا مقبول جان اور یعقوب اظہار کے نام دیے گئے ہیں، حسن عسکری کا نام ہم پہلے ہی دے چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جو نام آئے ہیں اس میں ایک قابل قبول ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن طارق سلیم ڈوگر اور جسٹس (ر) سائر علی کا نام دے چکی ہے۔
محمود الرشید نے کہا کہ اتوار کے دن وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات متوقع ہے، آئندہ ملاقات میں حتمی نتیجہ نکل سکتا ہے۔ آئندہ ایک دو دن میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے جو نام دیے تھے وہ بھی مشاورت سے دیے تھے۔ نام پر لوگوں کے تحفظات سامنے آئے اسی لیے واپس بھی لیے۔ نام واپس لینے والی بات کو بتنگڑ بنانے کی ضرورت نہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف نے سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر سعید کھوسہ کا نام بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب تجویز کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ناصر سعید کھوسہ شفاف الیکشن کروانے میں تجربہ بروئے کار لائیں گے۔
تاہم ایک روز قبل تحریک انصاف نے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا۔ تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کے مطابق ناصر کھوسہ کے نام پرپارٹی کی کور کمیٹی نے عوامی تحفظات کا جائزہ لیا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
ان کے مطابق پارٹی کے اندر سے بھی اس نام پر آوازیں آرہی تھیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ناصر سعید کھوسہ کا نام واپس لینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ ناصر سعید کھوسہ ہی ہوں گے اور ان کے نام کی سمری گورنر کو بھجوائی جاچکی ہے۔
بعد ازاں ناصرسعید کھوسہ نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد اب نئے نام تجویز کیے گئے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔