اسلام آباد: نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کرنے کے لیے چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ کی زیر نگرانی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
آج صبح قومی ایکشن پلان پر عملدر آمد کا جائزہ لینے کے لیے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ناصر جنجوعہ نے شرکا کو بریفنگ دی۔
کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان میں درپیش رکاوٹیں دور کرنے اور عملدر آمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پلان پر عملدر آمد کو مؤثر بنانے کے لیے صوبائی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اپنے صوبوں کی کمیٹیوں کی قیادت کریں گے۔ بعد ازاں وزرائے اعلیٰ صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے مشیر قومی سلامتی کو آگاہ کریں گے۔
اجلاس میں اٹارنی جنرل، صوبائی چیف سیکریٹری، صوبائی وزارت داخلہ کے حکام، آئی جی پولیس، سیکریٹری فاٹا اور عسکری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو توقع ہے کہ ہم معاشرے کے شیطانوں سے چھٹکارہ حاصل کریں۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے کو آرڈی نیشن مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا جبکہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدر آمد کیا جائے۔
گزشتہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی ٹاسک فورس کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا تھا اور اس کے ساتھ مدارس کی رجسٹریشن اور دہشت گردوں کی فنڈنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا تھا۔