اسلام آباد: وفاقی حکومت نوجوانوں کا ایک اور درینہ مطالبہ پورا کرنے جا رہی ہے، اس سلسلے میں اسلامی بینکنگ کے تحت نوجوانوں کو قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو اسلامی بینکاری کے تحت قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، آج گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی اس سلسلے میں اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں نوجوانوں کو اسلامی بینکنگ کے ذریعے قرضوں کی فراہمی پر حکمت عملی طے کی گئی، کامیاب جوان پروگرام کا اسلامی بینکنگ پر مشتمل مرحلہ بھی اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس پروگرام کے لیے تمام نجی بینکوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ شروع کریں گے: عثمان ڈار
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اسلامی بینکنگ کے تحت قرض کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا، گورنر اسٹیٹ بینک اور اسٹیک ہولڈرز سے اس سلسلے میں مشاورت مکمل کر لی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے تحت دی گئی درخواستوں کی اسکروٹنی جاری ہے، دوسرے مرحلے میں نوجوان اسلامی بینکنگ کے تحت قرض حاصل کر سکیں گے، جب کہ کامیاب درخواست گزاروں کو قرض کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔