کراچی: این اے 249 میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ناراض ایم پی اے ملک شہزاد اعوان کو منانے کے لیے اسلام آباد میں اہم بیٹھک لگی۔
تفصیلات کے مطابق ایم پی اے شہزاد اعوان، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پارٹی عہدے داران کی اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں شہزاد اعوان کے گلے شکوے اور تحفظات سنے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد اعوان ملاقات میں بھی اپنے مؤقف پر قائم رہے اور انھوں نے نامزد امیدوار امجد آفریدی کو کمزور امیدوار قرار دیا۔
گورنر سندھ نے ملک شہزاد کو پیش کش کی کہ این اے 249 کی انتخابی مہم کی قیادت آپ کریں، اس پر ملک شہزاد نے کہا کہ اگر امیدوار امجد آفریدی ہوگا تو میں نہ مہم چلاؤں گا، نہ قیادت کروں گا۔
گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے
گورنر سندھ نے انھیں ہدایت کی کہ آپ اسپیکر سندھ اسمبلی کو استعفی جمع نہیں کرائیں گے۔ ملک شہزاد نے کہا استعفیٰ جمع کرانے کا فیصلہ حتمی امیدوار کے نام کے اعلان کے بعد کروں گا۔
ذرائع کے مطابق این اے 249 کے پارلیمانی بورڈ کی اہم بیٹھک آج ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی، پارلیمانی بورڈ حتمی امیدوار کا اعلان کرے گا۔
یاد رہے کہ ملک شہزاد اعوان نے این اے 249 کے امیدوار پر تحفظات پر استعفیٰ دیا تھا۔