کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات برائے 2019 کامرس گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اخبار فروش کے بیٹے انس حبیب نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے طالب علم کو کتاب تحفے میں دی۔
تفصیلات کے مطابق کامرس انٹرمیڈیٹ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے ہونہار طالب علم انس حبیب کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعلیٰ نے انس حبیب کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انس حبیب کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ ہو تو آپ بلا جھجک مجھے فون کر سکتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے طالب علم کا موبائل نمبر لیا اور سندھ کی معیشت پر کتاب طالب علم انس کو تحفے میں دی جبکہ وزیراعلیٰ نے انس کے والد محمد حبیب کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی شیلڈ بھی پیش کی۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ملاقات کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعلیٰ سندھ، انس حبیب اور ان کے والد کے ہمراہ لی گئی سلیفی بھی شیئر کی۔
CM Sindh today met with Anas Habib and his father and congratulated them on Anas securing the 1st position in the Intermediate exams. Anas plans on becoming a Chartered Accountant & #SindhGovt shall bear all expenses of his higher studies. InshaAllah pic.twitter.com/j8M9ugiLVH
— SenatorMurtaza Wahab (@murtazawahab1) October 22, 2019
یہ بھی پڑھیں: انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان، اخبار فروش کا بیٹا بازی لے گیا
یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے کامرس ریگولر گروپ سال دوم 2019 کے نتائج کا اعلان کیا تھا جس میں انس حبیب 88 فیصد نمبر حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہے۔
رزلٹ کے مطابق دوسری پوزیشن لینے والے مزمل احمد نے 87 فیصد نمبرز حاصل کیے اسی طرح اروبہ محمد 86 فیصد نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آئیں۔
انٹرمیڈیٹ بورڈ کے مطابق امتحانات میں 4 ہزار 321 طلبا نے حصہ لیا جن میں سے کامیابی کا تناسب 30 فیصد ہی رہا۔