اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں شاہ محمود قریشی، فیصل واوڈا اور اسد عمر کی الگ الگ ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے پرائم منسٹر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی جس میں گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں ہونے والی تلخی اور گرما گرمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیاسی و حکومتی امور کے ساتھ ساتھ پارٹی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، فیصل واوڈا نے پارٹی رہنماؤں اور پالیسی سے متعلق کھل کر اظہار خیال کیا اور تحفظات کے ساتھ ساتھ اپنا موقف بیان کیا۔
فیصل واوڈا کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے وزیراعظم سے ملاقات کر کے گزشتہ روز کابینہ میں ہونے والی بحث پر اپنا نکتہ نظر پیش کیا۔
ملاقات میں خارجہ امور کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں، پارٹی معاملات اور کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات بھی زیربحث آئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کے انٹرویو پر ارکان میں گرما گرم بحث ہوئی تھی، ارکان میں تلخی پر وزیراعظم نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔