اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو تمام میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری داخلہ ،سیکریٹری نارکوٹکس،آئی جی اسلام آباد اورڈی جی پاسپورٹ اوردیگرافسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایف آئی اے، اے این ایف اور محکمہ پولیس کے افسران نے اہم کیسز پر بریفنگ دی، تحقیقاتی اداروں کی جانب سے وزیرداخلہ کو میگا کرپشن کیس کی تحقیقات، اغوا برائے تاوان، ای او بی آئی، ڈی پی اور پی ایس او کے خلاف جاری تحقیقات عدالت میں پیش کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے خطاب کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو میگا کیسز کی تحقیقات کو ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور اصغر خان کیس کی بھی عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔
حکام کی جانب سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا گیا کہ پولیس، ایف آئی اے اور اے این ایف نے 100 روز کے دوران 1800 سے زائد مفرور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ 769 شناختی کارڈ بلاک کردیے گیے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 1139 ملزمان کے پاسپورٹ، 581 بینک اکاؤنٹس اور 826 موبائل سمز کی شناخت کی گئی ہے جو اشتہاری ملزمان کے زیر استعمال تھیں۔