لندن: برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے یہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے لیکن ان کے نومولود بچے کے نام کو لے کر میڈیا میں نت نئی خبریں منظرعام پر آرہی ہیں۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے یہاں آنے والے نئے مہمان کا اٹالین نام ’الیگرا‘ رکھا جائے گا کیونکہ آنجہانی لیڈی ڈیانا کو اٹالین نام بہت پسند تھا۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ اور میگھن مرکل کے یہاں ننھے مہمان کی آمد آئندہ چند روز میں متوقع ہے تاہم رائل فیملی کی جانب سے صحیح تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔
’الیگرا‘ ان چھ ناموں میں سے ایک ہوسکتا ہے جو رائل فیملی کی جانب سے منتخب کیا جائے گا، 2004 میں اگر لیڈی ڈیانا کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوتی تو وہ اس کا نام الیگرا رکھتیں۔
مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا بچے کی پیدائش کو لوگوں سے دور رکھنے کا اعلان
اس علاوہ دیگر ناموں میں ڈیانا، البرٹ، وکٹوریا، گریس، آرتھر اور الزبتھ شامل ہیں لیکن رپورٹ کے مطابق الیگرا وہ نام ہے جسے رائل فیملی کی جانب سے منتخب کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈیانا حسنات خان سے محبت کرتی تھیں اور ان سے شادی کی خواہش تھی اور یہ بھی خواب تھا کہ ان کے یہاں پہلے بیٹی کی پیدائش ہو۔
واضح رہے کہ رواں ماہ برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اعلان کیا تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھنا چاہتے ہیں جس کے تحت میگھن بچے کو اسپتال میں جنم نہیں دیں گی۔