کولمبیا: میگھن مارکل نے اپنی 3 سالہ بیٹی للی بِٹ سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ’’اپنی آواز پا لی‘‘ جس سے ان کا مطلب یہ تھا کہ تین سال کی عمر میں بھی ان کی بیٹی کسی خوف کے بغیر اپنی بات کرنے لگی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل نے شہزادہ ہیری کے ساتھ کولمبیا کے دورہ کیا تھا، اس دورے کے آخری دن ایک تقریب میں انھوں نے ’افریقی خواتین اور طاقت‘ کے موضوع پر تقریر کی تھی، اس تقریر میں میگھن نے انکشاف کیا کہ ’’للی بِٹ نے تین سالہ عمر میں اپنی آواز پالی ہے اور ہمیں اس پر بہت فخر ہے۔‘‘
ڈچز آف سسیکس نے کہا کہ وہ ایک ماں ہونے کے ناطے للی بِٹ کو ’خاموش نہ رہنے‘ کی ترغیب دیا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں جس میں چھوٹی بچیوں کو ان کی آواز استعمال کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے تو پھر وہ ایسا ہی کرتی ہیں۔
میگھن مارکل نے اپنی والدہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ انھیں اپنے ارگرد کئی خواتین سے حوصلہ ملا، اور والدہ ان میں سے ایک تھیں۔ میگھن نے اپنے بچپن کے واقعات بھی سنائے، اس سے قبل بھی وہ اپنے بچپن کے بارے میں بات کرتی رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان کی خوش قسمتی تھی کہ چھوٹی عمر سے ان کی آواز کو سنا جانے لگا تھا، پھر انھوں نے مشہور برانڈ ’پراکٹر اینڈ گیمبل‘ کے ایک اشتہار کا قصہ سنایا جس میں جنس کو بہت زیادہ نمایاں کیا گیا تھا۔ میگھن نے کہا ’’میں 11 سال کی تھی، جب یہ اشتہار میں نے دیکھا تو اس کے بارے میں کئی خطوط لکھ ڈالے اور اس پر وہ اشتہار تبدیل کر دیا گیا، مجھے جلد ہی احساس ہوا کہ آپ کی چھوٹی آواز کا بہت بڑا اثر ہو سکتا ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کی آواز سنی جاتی ہے تو اس سے آپ کو اپنا آپ با اختیار محسوس ہونے لگتا ہے۔ خواتین سے متعلق انھوں نے کہا ’’خواتین کو اگر کچھ غلط نظر آتا ہے تو وہ اسے ٹھیک کر لیتی ہیں، بحیثیت خواتین ہم ملٹی ٹاسکرز اور فکسرز ہیں۔‘‘
میگھن نے اس تقریر کے دوران پہلے ہسپانوی زبان میں تھوڑی سی گفتگو کی، اور بتایا کہ انھوں نے 20 سال پہلے ارجنٹائن میں ہسپانوی زبان تھوڑی سی سیکھی تھی۔